ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور میں اے پی سی آر کے زیر اہتمام عالمی یوم ارض منایا گیا؛ تحفظ ماحولیات پرشیخ شفیع کا پرمغز خطاب

بنگلور میں اے پی سی آر کے زیر اہتمام عالمی یوم ارض منایا گیا؛ تحفظ ماحولیات پرشیخ شفیع کا پرمغز خطاب

Sun, 22 Apr 2018 15:49:42    S.O. News Service

بنگلور 23/ اپریل (ایس او نیوز)  22/اپریل کو ہر سال عالمی یوم ارض  منایا جاتا ہے جس کی مناسبت سے  اسو سی ایشن فار پروٹکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کرناٹکا چاپٹر کے زیر اہتمام 22اپریل  اتوار کو یہاں بنگلور کے دارالسلام میں  عالمی یوم ارض پر خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس کا افتتاح  اے پی سی آر کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ  سعدالدین  صالحی نے پودوں  کو پانی ڈالتے ہوئے  کیا۔

ریاستی ایکزی کوٹیو ممبر  اور آرٹی آئی کارکن  جناب  شیخ شفیع صاحب  نے عالمی یوم ارض( آرتھ ڈے ) کے تعلق سے پرمغز معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جسم اللہ کی نعمت ہے اوریہ اللہ کی امانت ہے، اور جسم کی حفاظت ہمارے لئے ضروری ہے، اسی طرح زمین بھی اللہ کی امانت اور  زمین یا کائنات جہاں پر ہم سب بستے ہیں اس کی حفاظت بھی ہمارے لئے ضروری ہے اور زمین کی حفاظت  نہ کرنا  امانت میں خیانت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آج  زمین کے تحفظ اور اس سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم ارض منایا جارہا ہے۔ جس کے تحت عوام الناس میں اس بات کا شعور بیدار کرنا ہے کہ زمین پر رونما ہونے والے ماحولیات کی حفاظت کیسے کی جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم ارض سب سے پہلے سنہ 1970 میں منایا گیا۔ یہ وہ دور تھا جب تحفظ ماحولیات کے بارے میں آہستہ آہستہ شعور اجاگر ہو رہا تھا اور لوگ فضائی آلودگی اور دیگر ماحولیاتی خطرات کا بغور مشاہدہ کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ  موسمیاتی تغیرات یا موسم میں تبدیلی ایک حقیقیت ہے لیکن اگر حقیقت کا ادراک نہ کیا جائے، اس سے آگاہی حاصل نہ کی جائے تو وہ نقصان دہ بن جاتی ہے۔ ’ماحولیات اور خصوصاً تبدیلی موسم کے بارے میں آگاہی کا فروغ وقت کی ضرورت بن چکا ہے‘۔ مزید بتایا کہ  ملک بھر میں شدید گرمی کی لہریں، غیر معمولی بارشیں، سیلاب وغیرہ یہ سب موسمیاتی تغیرات کا ہی نتیجہ ہیں۔ ایسے میں ہم مشکل صورتحال پیش آنے کے بعد اپنے لوگوں کو آگاہ کرنا شروع کرتے ہیں جبکہ یہ کام سارا سال ہونا چاہیئے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں  ہمارے بچوں میں پہلے دن سے تحفظ ماحولیات اور تحفظ فطرت کا شعور اجاگر کرنا چاہئے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زمین اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے ہمیں اپنے گھروں کے اطراف پودے اُگانے چاہئے۔آگے کہا کہ سال میں  کم از کم ایک یا 2 پودے اگائے جائیں تاکہ ان کی صحیح طور پر دیکھ بھال کی جاسکے اور یہی پودے تناور درختوں میں تبدیل ہوسکے۔

پلاسٹک کے استعمال کی روک تھام اورکچروں  کو بحفاظت ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ  پانی کا احتیاط سے استعمال وغیرہ کے تعلق سے بھی انہوں نے  بات کی۔

پروگرام کی صدارت اے پی سی آر کے صدر ایڈوکیٹ سعدالدین صالحی نے کی، ریاستی جنرل سکریٹری  ایڈوکیٹ نیاز احمد، ریاستی ایکزی کوٹیو ممبرس اور مختلف اضلاع سے آئے ہوئے  اے پی سی آر کے ذمہ داران اس موقع پر موجود تھے۔


Share: